کیلیفورنیا: ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو ستمبر 2026 میں متعارف کرانے کا امکان ہے، اور یہ فون آئی فون 18 پرو کے ماڈلز کے ساتھ لانچ ہوگا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق اس فون کا ممکنہ نام "آئی فون الٹرا" رکھا جا سکتا ہے اور اس کی قیمت 2,000 ڈالرز سے زیادہ ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ "الٹرا" نام ایپل واچ الٹرا کی طرز پر رکھا جا رہا ہے، کیونکہ یہ ایپل کا سب سے مہنگا فون ہوگا، جس طرح ایپل واچ الٹرا سب سے مہنگا اسمارٹ واچ ماڈل ہے۔
لیکس کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون دیگر دستیاب فولڈ ایبل فونز سے مختلف ہوگا۔ فون کو کھولنے پر 7.8 انچ ڈسپلے ملے گا، اور بند ہونے پر 5.5 انچ اسکرین دکھائی دے گی۔
فون کے اندر اے 20 پرو چپ اور 5,500 ایم اے ایچ بیٹری دی جانے کا امکان ہے۔ کیمرا ڈیزائن آئی فون ایئر جیسا ہوگا، لیکن مکمل بلیک اور دو کیمرے، ایک مائیکروفون اور فلیش کے ساتھ ہوگا، تاکہ یہ آئی پیڈ پرو جیسا نظر آئے۔