راولپنڈی : پاک فوج نے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی اور اشتعال انگیزی کے خلاف فیصلہ کن آپریشن ’غضب للحق‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے گٹھ جوڑ کے خلاف کی جانے والی اس کارروائی میں پاک فوج نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
پاک فوج نے ارندو (چترال) اور کرم سیکٹر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر اور بروقت بمباری کی، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے اہم مراکز اور سٹریٹجک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افواج کے شدید حملوں کے سامنے بزدل افغان طالبان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارروائی نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مفلوج کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاک افواج کی کارروائیاں صرف اور صرف فوجی تنصیبات اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک محدود ہیں۔ عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے صرف ان مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں سے پاکستان پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔
سکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ’غضب للحق‘ آپریشن جاری رہے گا۔