راولپنڈی : پاک فوج نے ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف اپنے جاری آپریشن 'غضب للحق' میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق پاک فوج نے باجوڑ سیکٹر میں پاک افغان سرحد کے قریب ایک مؤثر کارروائی کی ہے۔ اس آپریشن میں افغان حدود سے آپریٹ کرنے والے شرپسندوں کی متعدد پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سے دہشت گرد پاکستانی سرحدی چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
باجوڑ کے ساتھ ساتھ کرم سیکٹر میں بھی پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور طاقت کا استعمال کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے سرحد پار موجود دہشت گردوں کی کئی پوسٹوں اور تربیتی ٹھکانوں کو ٹھیک نشانہ بنایا۔ ان ٹھکانوں کی تباہی سے دہشت گردوں کی سپلائی لائن اور نقل و حرکت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
پاک افواج کا آپریشن 'غضب للحق' اس عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عسکری حکام کا کہنا ہے کہ "پاکستانی حدود میں مداخلت یا سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کا جواب پہلے سے زیادہ سختی اور شدت کے ساتھ دیا جائے گا۔
سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پاک فوج کے دستے کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔