آئرلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے محمد عامر ڈبلن روانہ

آئرلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے محمد عامر ڈبلن روانہ

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر لاہور ائیرپورٹ سے ڈبلن، آئرلینڈ کیلئےروانہ ہوگئے۔

آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے محمد عامر کا ویزہ گزشتہ رات جاری ہوا تھا۔محمد عامر کی روانگی دیر سے ویزا جاری ہونے کے سبب تاخیر کا شکار ہوئی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کوششوں سے محمد عامر کا ویزا جاری ہوا۔

محمد عامر آج ڈبلن میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے لیکن پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کے سلیکشن پر غور کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔ البتہ وہ سیریز کے بقیہ دونوں میچز کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کے بعد پاکستان ٹیم 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جانے والے چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے 15 مئی کو لیڈز پہنچے گی۔

 
قبل ازیں فاسٹ باؤلر کو ویزا جاری نہ ہونے پر پی سی بی نے کرکٹ آئرلینڈ سے وضاحت مانگی تھی کہ محمد عامر کا ویزہ جاری کیوں نہیں کیا گیا؟۔

یاد رہے کہ آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج ڈبلن میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 12 اور تیسرا 14 مئی کو کھیلا جائے گا۔آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے یہ میچز 22 سے30 مئی تک ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں