سلطان اذلان شاہ کپ:نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا میچ 1-1 کی برابری پر ختم

 سلطان اذلان شاہ کپ:نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا میچ 1-1 کی برابری پر ختم

لاہور (ویب ڈیسک) : ملائیشیا کے شہر اِیپوہ میں جاری سلطان اذلان شاہ کپ 2024 کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا میچ 1-1 کی برابری پر ختم ہوا۔

یاد رہے کہ بدھ کو کینیڈا کے خلاف جیت کے بعد پاکستان پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا تھا۔ ایونٹ کے فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ کل جاپان سے ہوگا۔

ہاف ٹائم تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا کیونکہ دونوں ٹیمیں اپنے بنائے ہوئے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں۔

تاہم نیوزی لینڈ نے 35ویں منٹ میں ایک فیلڈ گول سے برتری حاصل کر لی لیکن  آٹھ منٹ بعد پاکستانی کھلاڑی ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر سے گول کر کے میچ کے گول  برابر کر دیے۔

پاکستان سلطان اذلان شاہ کپ کے راؤنڈ  کےدوران پانچ میچوں میں تین جیت اور دو ڈرا کے ساتھ  اب تک ناقابل شکست رہا۔ انہوں نے صرف جاپان اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچوں میں پوائنٹس گرائے۔


خیال رہے کہ سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان کی کارکردگی خاص اہمیت رکھتی ہے  کیونکہ ٹیم کو 31 مئی سے 9 جون تک پولینڈ کے شہر گنیزنو میں ہونے والے ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں بھی شرکت کرنی ہے۔ نیشنز کپ اہم ہے کیونکہ جیتنے والی ٹیم کو 2024-25 کے سیزن کے لیے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔

مصنف کے بارے میں