Get Alerts

بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے: آصف زرداری

بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے: آصف زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک بھارت کشیدگی اور حالیہ جنگ بندی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن صرف کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ انہیں ہمیشہ پاکستان کی مسلح افواج، فضائیہ اور بحریہ پر مکمل اعتماد رہا ہے۔ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور دشمن کی نام نہاد عسکری طاقت کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم کا جذبہ بے مثال ہے، یہی ولولہ ہمارے بانیانِ پاکستان کے دو قومی نظریے کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمانِ کامل نے ہمیں ایک بڑے دشمن کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کا حوصلہ اور طاقت دی۔

انہوں نے آرمی چیف، ایئر چیف، نیول چیف اور تمام مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی جرات، استقامت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان نے اس معرکے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے قوم سے کہا کہ وہ اس کامیابی پر خوشی منائیں اور شہداء کے لیے دعا گو ہوں۔

صدر مملکت نے ایک بار پھر واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام نہ صرف مسئلہ کشمیر بلکہ سندھ طاس معاہدے جیسے دیگر اہم تنازعات کے حل سے وابستہ ہے۔

انہوں نے چین، امریکا، ترکیہ، سعودی عرب اور ایران سمیت تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نازک وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

صدر زرداری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک پرامن ریاست ہے، اشتعال انگیزی کی حمایت نہیں کرتا، تاہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ٹیگز: