سیالکوٹ : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا فوری، فیصلہ کن اور جرات مندانہ جواب دے کر مادرِ وطن کا دفاع کیا۔ تاریخ گواہ رہے گی کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو چند گھنٹوں میں ناکام بنا دیا گیا۔
یہ بات انہوں نے سیالکوٹ کے علاقے پسرور میں واقع چھاؤنی کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص" میں شریک افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، وزیراعظم کو جنگ کی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور زمینی حقائق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور دیگر اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت بھی موجود تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت نے تکبر اور جھوٹ پر مبنی رویہ اختیار کرتے ہوئے غیر ضروری جارحیت کو ترجیح دی، جس کا اسے منہ توڑ جواب ملا۔
وزیراعظم نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان سپوتوں کو کبھی نہیں بھولے گی جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔