راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان کے شہری علاقوں پر میزائل حملوں کے بعد پاک فوج نے فوری اور شدید جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ پوری تیاری کے ساتھ فضا میں موجود ہے اور تمام فضائی اثاثے محفوظ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی جارحیت کا فوری اور مؤثر ردعمل دیا ہے، اور زمینی و فضائی سطح پر بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ دشمن کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستانی سرزمین پر حملے کا نتیجہ بھاری نقصان کی صورت میں نکلے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارت نے کوٹلی، مظفرآباد، احمد پور شرقیہ، باغ اور مریدکے میں میزائل حملے کیے، جن میں سویلین آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوٹلی میں دو شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ دیگر علاقوں سے زخمیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
فوجی ترجمان کے مطابق دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کا مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور افواج پاکستان ہر سطح پر مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور جلد مزید تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں گی۔