Get Alerts

پاکستانی قوم باوقار اور ناقابلِ تسخیر ہے، دشمن کو بھرپور جواب دیا، وزیراعظم شہباز شریف

پاکستانی قوم باوقار اور ناقابلِ تسخیر ہے، دشمن کو بھرپور جواب دیا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم سے اپنے خطاب میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جو اسے چیلنج کرے گا، ہم فولادی قوت بن کر اس کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے جرات و بہادری کی نئی مثال قائم کی اور دشمن کو ایسا بھرپور جواب دیا جو عسکری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ بھارت نے اپنے غرور میں پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش کی، لیکن ہم نے اسے عملی میدان میں سبق سکھایا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر بلاوجہ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، حالانکہ ہم نے ابتدا ہی میں غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر بھارت نے اشتعال انگیزی کا راستہ چنا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دشمن کی بزدلانہ اور شرمناک کارروائی کھلی جارحیت تھی، جس پر پاکستان نے موثر جوابی کارروائی کی۔ دشمن کے فوجی اڈے تباہ کر دیے گئے اور بھارتی طیارے اس طرح زمین بوس کیے گئے کہ تاریخ گواہ بن گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب مذاکرات کے دروازے بند کیے گئے تو ہم نے بھی فیصلہ کیا کہ جو بات میز پر نہ ہو سکی، وہ اب میدان میں طے ہو گی۔ پاکستانی قوم نے اپنے اتحاد اور فوج کے ساتھ کھڑے ہو کر ثابت کیا کہ ہم ایک غیرتمند اور خودمختار قوم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج کے جوان دنیا کی کسی طاقت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس، آرمی چیف، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان اور ہر سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں ملا دیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے جدید رافیل طیارے بھی پاکستانی شاہینوں کے سامنے بےبس ہوگئے، اور دشمن کی کئی ایئر بیسز ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ہم نے الزام تراشی پر صبر و تحمل سے کام لیا، لیکن دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور پانی کی تقسیم جیسے اہم معاملات کو ذمہ داری سے حل کیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

ٹیگز: