راولپنڈی/اسلام آباد :پاکستان کی دفاعی تاریخ کے عظیم سنگ میل 'معرکہِ حق' کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) میں یومِ فتح کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تاریخی کامیابی پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے قوم اور مسلح افواج کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے حق کی باطل پر فتح قرار دیا ہے۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے اپنے مشترکہ بیانات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ معرکہِ حق کی تاریخی کامیابی فیلڈ مارشل کی بے مثال قیادت اور جرات مندانہ فیصلوں کا ثمر ہے۔ ان کی وضع کردہ حکمتِ عملی نے دشمن کے تزویراتی عزائم کو خاک میں ملا کر ملک کو دفاعی طور پر محفوظ بنا دیا۔
جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی تقریب میں شرکت کر کے عسکری اتحاد کی مضبوط مثال قائم کی۔ تقریب کے دوران شہداء کو سلامی دی گئی اور فاتحین کی شجاعت کو دستاویزی فلم کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔