واشنگٹن ڈی سی / اسلام آباد: امریکہ کے سیاسی ایوانوں میں پاکستان کی اہمیت کا نیا اعتراف سامنے آیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قیادت کی کھل کر تعریف کی ہے، جبکہ امریکی کانگریس میں پاکستان کو "امن کا علمبردار" قرار دینے کے لیے قرارداد جمع کروا دی گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا پاکستان کی موجودہ سول اور عسکری قیادت خطے میں استحکام کے لیے بہترین کام کر رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان کی خصوصی درخواست کو تسلیم کرتے ہوئے "پراجیکٹ فریڈم" کو روکنے کا حکم دیا ہے، جو دوطرفہ تعلقات میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی پارلیمنٹ (کانگریس) میں پاکستان کی تعریف میں ایک قرارداد پیش کی گئی ہے جس کے متن نے عالمی سطح پر پاکستان کے قد میں اضافہ کر دیا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف اور کانگریس میں اس قرارداد کا آنا، پاکستان کی "امن دوست" خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور بااعتماد تزویراتی شراکت دار کے طور پر تسلیم کرنا دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے سنہری دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔