پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا : شاہد خاقان عباسی

پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا : شاہد خاقان عباسی

راولپنڈی:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، مادر وطن اور آزاد کشمیر کے لوگوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں،افواج پاکستان کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں، مشرقی سرحد سے خطرے کے باوجود انسداد دہشت گردی میں کامیابی سنگ میل ہے ہم اسکے ساتھ ساتھ امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لائن آف کنٹرول میں چڑی کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جنرل آفیسرکمانڈنگ کی جانب سے وزیراعظم کو ایل او سی کی صورتحال پر اور بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔


بریفنگ میں بتایا گیاکہ بھارت فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔