’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ کا پہلے ہی روز 52 کروڑ کا ریکارڈ بزنس

’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ کا پہلے ہی روز 52 کروڑ کا ریکارڈ بزنس
کیپشن: تنقید کے باوجود ’ٹھگ آف ہندوستان‘ لوگوں کی جیبوں سے کروڑوں نکلوانے میں کامیاب رہی ہے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ممبئی: مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز کروڑوں ٹھگ کر کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

گزشتہ روز ریلیز ہونے والی عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ ناقدین اور شائقین کو زیادہ متاثر نہیں کر سکی تھی۔ شائقین نے ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کو اوسط درجے کی فلم قرار دیتے ہوئے اسے بیزار کن قرار دیا تھا لیکن تنقید کے باوجود ’ٹھگ آف ہندوستان‘ لوگوں کی جیبوں سے کروڑوں نکلوانے میں کامیاب رہی ہے۔

فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ نے ریلیز کے پہلے 52 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس سے قبل بھارتی سینما کی تاریخ میں کسی فلم نے ریلیز کے پہلے روز اتنا بزنس نہیں کیا۔ اس کے ساتھ ہی ’ٹھگ آف ہندوستان‘ دیوالی پر بھی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ ٹھگ آف ہندوستان‘ سے قبل سلمان خان کی فلم ’پریم دھن پایو‘ نے دیوالی کے موقع پر 39 کروڑ اور ’باہو بلی‘ نے 40 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

صرف یہی نہیں 52 کروڑ سے زائد کے بزنس کے ساتھ ’ٹھگ آف ہندوستان‘ رواں سال ریلیز کے پہلے روز سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔ اس سے قبل فلم ’سنجو‘ نے ریلیز کے پہلے روز 34 کروڑ 75 لاکھ، ’ریس 3‘ نے 29 کروڑ 17 لاکھ، ’گولڈ‘ نے 25 کروڑ 25 لاکھ اور ’باغی 2‘ نے 25 کروڑ 10 لاکھ کا بزنس کیا تھا۔