اسلام آباد: بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے لیے مختلف ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ کانفرنس 11 تا 12 نومبر 2025ء کو چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں منعقد ہوگی اور عالمی امن، ترقی اور پارلیمانی روابط کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
سینیٹر ندیم احمد بھٹو، سینیٹر سرمد علی اور دیگر سینئر افسران نے غیر ملکی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ سینیٹ آف پاکستان کے سینئر ڈائریکٹر جنرل طارق بن وحید نے متعدد وفود کا خیر مقدم کیا۔
سعودی عرب کے وفد کی قیادت نائب چیئرمین شوریٰ کونسل عبداللہ بن عدم فلاتعہ کر رہے ہیں، کینیا کے ڈپٹی سپیکر فراح مالم محمد، فلسطینی سپیکر روحی احمد محمد فتوح، آذربائیجان کے ڈپٹی سپیکر علی احمد یوف، ازبکستان کے ڈپٹی چیئرمین صودق سیفووف، مراکش کے سپیکر محمد ولد الرشید، روانڈا کے سینیٹ صدر فرانکیوس ژیویر اور مالدیپ کے سپیکر عبد الرحیم عبداللہ بھی وفود کی قیادت کر رہے ہیں۔
ملائیشیا کے نائب صدر ایوانِ بالا نور جزلان بن محمد اور فلپائن کے پارلیمانی وفد بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بارباڈوس کے سپیکر آرتھر یوجین ہولڈر، سیربیا کے ڈپٹی سپیکر ایڈن ڈرلیک اور الجیریا کے رکنِ پارلیمنٹ سعد اروس کی قیادت میں وفود کو بھی شاندار انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔
سینیٹ کی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔