Get Alerts

اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد: ریڈ زون سیل، ٹریفک کا متبادل پلان جاری

اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد: ریڈ زون سیل، ٹریفک کا متبادل پلان جاری


اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت میں اہم غیر ملکی وفود کی موجودگی اور سکیورٹی کے پیشِ نظر انتظامیہ نے شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع ڈائیورژن پلان جاری کیا ہے، جس کے تحت شہر کی اہم ترین شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریڈ زون اور اس سے ملحقہ توسیعی علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ اس دوران درج ذیل اہم راستوں پر سفر ممنوع ہوگا۔

ایکسپریس وے: زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک دونوں اطراف کی سڑکیں بند رہیں گی۔

سرینگر ہائی وے: کشمیر چوک سے زیرو پوائنٹ تک کا راستہ (بذریعہ کلب روڈ) بند ہوگا۔

جناح ایونیو و مارگلہ روڈ: خیابان چوک سے بلیو ایریا اور فیصل چوک سے ٹریل تھری تک کا حصہ ٹریفک کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔

شکر پڑیاں روڈ: چاند تارہ چوک سے سیونتھ ایونیو تک آمدورفت معطل رہے گی۔

سکیورٹی پروٹوکول کے تحت ۱۱ اور ۱۲ اپریل کو وفاقی دارالحکومت کی حدود میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وی آئی پی موومنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے درج ذیل راستے اختیار کریں۔ 
پشاور سے راولپنڈی/لاہور جانے والے: ٹیکسلا موٹروے، چکری، یا چک بیلی روڈ کا استعمال کریں۔لاہور سے پشاور جانے والے  روات کے مقام سے موڑ کر چک بیلی روڈ اور چکری کے ذریعے موٹروے پر جا سکتے ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

ٹیگز: