Get Alerts

سفارتی وفود کی آمد: اسلام آباد کا ریڈ زون 'نو گو ایریا' قرار، تمام دفاتر بند اور سکیورٹی ہائی الرٹ

سفارتی وفود کی آمد: اسلام آباد کا ریڈ زون 'نو گو ایریا' قرار، تمام دفاتر بند اور سکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد: امریکہ اور ایران کے اہم وفود کی وفاقی دارالحکومت آمد کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کرتے ہوئے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق ریڈ زون اور توسیع شدہ ریڈ زون میں کسی بھی قسم کی غیر متعلقہ سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ تمام سرکاری اور نجی دفاتر کو بھی مکمل بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے شہر کے مختلف حساس مقامات اور ڈیوٹی پوائنٹس کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور فیلڈ میں تعینات افسران و اہلکاروں کو خصوصی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کی ہدایات کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور ریڈ زون کے اطراف چیکنگ کے نظام کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔ پولیس اہلکار الرٹ رہتے ہوئے شہریوں کے ساتھ انتہائی اخلاق اور پیشہ ورانہ طریقے سے پیش آئیں۔ سکیورٹی پابندیوں کے باوجود شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سفارتی پروٹوکول کی فراہمی کے لیے پوری طرح متحرک اور پرعزم ہے۔

ٹیگز: