Get Alerts

ملک گیر سکیورٹی ہائی الرٹ: اسلام آباد اور کراچی کے ریڈ زون سیل، کنٹینرز کی بھرمار

ملک گیر سکیورٹی ہائی الرٹ: اسلام آباد اور کراچی کے ریڈ زون سیل، کنٹینرز کی بھرمار

اسلام آباد / کراچی : ملک کے دو بڑے شہروں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور عروس البلاد کراچی میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ حساس صورتحال کے پیشِ نظر دونوں شہروں کے ریڈ زون علاقوں کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جس سے نظامِ زندگی اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز کھڑے کر دیے ہیں۔شہر کے داخلی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے اور ہر آنے جانے والی گاڑی کی جامع تلاشی لی جا رہی ہے۔ شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ ریڈ زون میں داخلے کے لیے خصوصی جانچ پڑتال اور شناخت لازمی قرار دی گئی ہے۔
کراچی میں بھی سکیورٹی ریڈ الرٹ برقرار ہے، جہاں اہم سرکاری عمارتوں اور غیر ملکی قونصل خانوں کی حفاظت کے لیے سخت ترین اقدامات کیے گئے ہیں۔گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس جانے والے تمام راستے بلاک کر دیے گئے ہیں۔ مختلف ممالک کے قونصل خانوں کو جانے والی شاہراہوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، جس کے باعث عام ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔ریڈ زون سیل ہونے کی وجہ سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس سے شہر کی اہم شریانوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

حساس تنصیبات پر اضافی نفری

ذرائع کے مطابق دونوں شہروں میں اہم قومی تنصیبات پر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور سکیورٹی حکام کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

ٹیگز: