Get Alerts

جنوبی فلپائن کے ساحل کے قریب 7.6 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری، سکول بند، شہری کھلے میدانوں میں نکل آئے

جنوبی فلپائن کے ساحل کے قریب 7.6 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری، سکول بند، شہری کھلے میدانوں میں نکل آئے

منیلا : جنوبی فلپائن کے ساحل کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔ فلپائن کے زلزلہ پیما ادارے نے سونامی وارننگ بھی جاری کر دی ہے جس کے بعد قریبی ساحلی علاقوں کے لوگوں کو فوری طور پر اونچی جگہوں کی طرف انخلاء کی ہدایت کی گئی ہے۔

فلپائنی میڈیا کے مطابق، منڈاناؤ جزیرے کے دارالحکومت ڈیوس میں زلزلے کے جھٹکے آنے پر شہری خوفزدہ ہو کر رہائشی اور کاروباری عمارتوں سے باہر نکل آئے، اور سکول فوری طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ سرکاری ٹی وی نے ایسی فوٹیجز نشر کی ہیں جن میں لوگ کھلے میدانوں میں بیٹھے ہوئے ہیں، جبکہ ہسپتالوں کے عملے نے بھی مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

زلزلہ 10 کلومیٹر گہرائی میں منڈاناؤ کے ساحل کے قریب سمندر میں آیا ہے۔ فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی نے متوقع سونامی کی لہروں کی اونچائی ایک میٹر یا اس سے زیادہ بتائی ہے، اور کہا ہے کہ بند خلیجوں اور تنگ آبی راستوں میں یہ لہریں زیادہ بلند ہو سکتی ہیں۔

فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے متاثرہ ساحلی علاقوں میں فوری انخلاء کا حکم دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوراً اونچی جگہوں پر منتقل ہو جائیں اور حکام کے اعلان تک ساحلی علاقوں سے دور رہیں۔ صدر نے کہا کہ تلاش، امداد اور بچاؤ کی ٹیمیں جلد متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جائیں گی اور حکومت 24 گھنٹے کام کر رہی ہے تاکہ ہر ضرورت مند کو فوری مدد مل سکے۔

یہ زلزلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب فلپائن پہلے ہی قدرتی آفات کی زد میں ہے۔ گزشتہ ہفتے سیبو کے ساحلی شہر بوگو میں 7.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے باعث 74 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ شدید طوفان بوالوئی اور سپر ٹائفون راگاسا نے بھی ملک کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ فلپائن زلزلوں اور قدرتی آفات کے حوالے سے حساس خطے میں واقع ہے اور یہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔

ٹیگز: