Get Alerts

صدر و وزیراعظم کا اورکزئی آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدر و وزیراعظم کا اورکزئی آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد :  صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اورکزئی میں بھارتی سرپرست خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق شہید اور میجر طیب راحت شہید سمیت دیگر شہداء کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی سرپرست خوارج کے نیٹ ورک کو توڑ کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلسل کامیابیاں ہمارے عزم و حوصلے کی عکاس ہیں، بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر کے تاریخ رقم کی۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت دیگر شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے ارضِ وطن کی حفاظت میں مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور افسر جو وطن عزیز کی خاطر جامِ شہادت نوش کرتا ہے، مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

ٹیگز: