اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سمبازا میں خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے ایک اور کامیاب آپریشن پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان دن رات وطنِ عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے چند روز قبل اسی علاقے میں 47 دہشت گردوں کے مارے جانے کے بعد حالیہ آپریشن میں 3 مزید دہشت گردوں کی ہلاکت کو بڑی کامیابی قرار دیا، اور کہا کہ پوری قوم اس عزم کے ساتھ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ ہمارے عزم، اتحاد اور قربانیوں کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سمبازا کے علاقے میں حالیہ آپریشن، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، کو ملکی سیکیورٹی اداروں کی مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ قوم افواج پاکستان کی ان کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی پشت پر کھڑی ہے۔