راولپنڈی:خیبرپختونخوا میں 3 سے 5 ستمبر کے دوران سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں بھارتی اسپانسرڈ 21 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مزید 10 خوارج مارے گئے، جبکہ پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے 25 خوارج کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔
کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران مزید 4 خوارج ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
قومی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔