آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار سے ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار سے ملاقات

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سے ملاقات کرکے انہیں ڈیمز فنڈ کے لیے  ایک ارب 59 لاکھ سے زائد کی رقم کا چیک پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے سپریم کورٹ میں ملاقات کی جس میں انہوں نے ڈیمز فنڈ کے لیے ایک ارب روپے سے زائد کی رقم کا چیک پیش کیا، اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کی تعمیر و ترقی میں پاک فوج اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔


خط کے متن میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر ایک ارب 59 لاکھ روپے سے زائد کی رقم جمع کرکے سپریم کورٹ ڈیمز فنڈ میں جمع کرائی جارہی ہے، آرمی افسران نے اپنی 2 دن کی تنخواہ جب کہ جونیئر کمیشنڈ افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ ڈیمز فنڈ میں دی گئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے  پاکستانیوں سے ڈیمز فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور یورپ میں مقیم ہر پاکستانی ایک ہزار ڈالر یا اس سے زائد رقم بھیجیں۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت پاکستانی اداکاروں، کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور صنعت کاروں سمیت دیگر افراد نے ڈیمز فنڈ کے لیے رقوم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔