ابو ظہبی :ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا۔ یہ میچ ابوظہبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے، جس میں صدیق اللہ اتل نے 73 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 53 رنز اسکور کیے۔
ہانگ کانگ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 94 رنز ہی بنا سکی، جہاں بابر حیات نے 39 اور یاسم مرتضی نے 16 رنز بنائے۔ افغانستان کے گلبدین نائب اور فضل الحق فارقی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہانگ کانگ کی جانب سے کنچت شاپ اور آیوش شکلا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔آج ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں بھارت کا مقابلہ یو اے ای سے ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ 28 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان، بنگلادیش، یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ایونٹ کا سب سے بڑا میچ 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔