دبئی: ایشیا کپ 2025 کے دوسرے گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم بھارت کے خلاف محض 13.1 اوورز میں 57 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔
یو اے ای کی جانب سے آلشاں شرافو نے سب سے زیادہ 22 رنز اسکور کیے، جبکہ باقی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
بھارت کے اسپنر کلدیپ یادیو نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جب کہ ویرن چکرورتی، شوم دوبے اور اکسر پٹیل نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کر کے یو اے ای کی بیٹنگ پر دباؤ برقرار رکھا۔
کم اسکور کے باعث بھارت کو جیت کے لیے صرف 58 رنز کا آسان ہدف درپیش ہے، جسے حاصل کرنا ان کے لیے زیادہ مشکل نظر نہیں آتا۔ اس کارکردگی کے بعد بھارت کی فتح کے امکانات تقریباً یقینی دکھائی دے رہے ہیں، جب کہ یو اے ای کی پوزیشن گروپ اے میں کمزور ہو گئی ہے۔
اس میچ سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جو مکمل طور پر درست ثابت ہوا۔ میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جو ایشیا کپ کے اہم ترین وینیوز میں شامل ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں گروپ اے کا حصہ ہیں اور اس مقابلے کا نتیجہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کی راہ متعین کرے گا۔ بھارت اس وقت زبردست فارم میں ہے جبکہ یو اے ای کو اب باقی میچز میں شاندار کم بیک کی ضرورت ہے۔