Get Alerts

ایپل نے آئی فون 18 پرو اور پرو میکس متعارف کروا دیئے، قیمت میں اضافہ، بیٹری پرفارمنس میں بہتری

ایپل نے آئی فون 18 پرو اور پرو میکس متعارف کروا دیئے، قیمت میں اضافہ، بیٹری پرفارمنس میں بہتری

کیلیفورنیا : ایپل نے اپنے نئے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس متعارف کرا دیے ہیں۔ کمپنی نے نئے ماڈلز میں کارکردگی، کیمرہ اور بیٹری کے شعبوں میں اہم اپ گریڈز کیے ہیں، تاہم صارفین کو اس بار زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگی۔

قیمت اور دستیابی
آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,199 ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1,299 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ دونوں فونز کا بنیادی ماڈل 256 جی بی سٹوریج کے ساتھ آتا ہے، جو گزشتہ سال کے متعلقہ ماڈلز کے مقابلے میں 100 ڈالر مہنگا ہے۔

ایپل نے پہلی مرتبہ پرو سیریز میں 2 ٹی بی سٹوریج کا آپشن بھی شامل کیا ہے۔ نئے فونز کے پری آرڈرز 12 ستمبر سے شروع ہوں گے، جبکہ صارفین کو یہ ڈیوائسز 18 ستمبر سے دستیاب ہوں گی۔

بیٹری میں بڑا اپ گریڈ
ایپل کے مطابق آئی فون 18 پرو صرف 15 منٹ میں 50 فیصد تک چارج ہوسکتا ہے، جبکہ پانچ منٹ کی چارجنگ سے تقریباً چھ گھنٹے تک ویڈیو چلائی جاسکتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ چھوٹے سائز کے باوجود آئی فون 18 پرو کی بیٹری لائف گزشتہ نسل کے آئی فون 17 پرو میکس کے برابر ہے۔ عام استعمال میں 18 پرو تقریباً 24 گھنٹے جبکہ پرو میکس 30 گھنٹے تک بیٹری فراہم کرتا ہے۔

ویڈیو پلے بیک کے دوران آئی فون 18 پرو تقریباً 36 گھنٹے اور پرو میکس 45 گھنٹے تک چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جدید چپ اور کیمرہ
نئے آئی فونز میں ایپل کی A20 پرو چپ شامل کی گئی ہے، جو 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق نئی چپ بہتر رفتار کے ساتھ ساتھ حرارت کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنے میں بھی مدد دے گی۔

کیمرا سسٹم میں بھی نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔ آئی فون 18 پرو سیریز میں 48 میگا پکسل کا مین فیوژن کیمرہ دیا گیا ہے، جس میں ویری ایبل اپرچر کی سہولت شامل ہے، جسے ایپل نے گزشتہ چند برسوں کی بڑی کیمرا اپ گریڈ قرار دیا ہے۔

نئے آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کو بلیک، سلور، گلیشیئر اور نئے برگنڈی رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔

ٹیگز: