Get Alerts

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات میں بہتری حکومت کی ترجیح، اسحاق ڈار

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات میں بہتری حکومت کی ترجیح، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے استفادے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور سہل بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کا معیار بہتر بنانا وزیراعظم اور حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت شہریوں کو بہتر، تیز اور آسان خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے۔

 نائب وزیراعظم نے کہا کہ عوامی خدمات میں کارکردگی اور رسائی بڑھانے کے ساتھ شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

 اجلاس میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن اور مختلف حکومتی اداروں کے درمیان تعاون سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

 اجلاس میں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

ٹیگز: