بابر اعظم، حسن علی کیلئے آئی سی سی کیپز کا اعزاز

بابر اعظم، حسن علی کیلئے آئی سی سی کیپز کا اعزاز

لاہور: قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں بابر اعظم اور حسن علی کو آئی سی سی کی 2017 کے لیے ایک روزہ ٹیم کے کیپس سے نوازا گیا۔ آئی سی سی کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکانٹ پر بابر اعظم اور حسن علی کو 2017 کی ون ڈے ٹیم کیپس کے اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے بابر اعظم اور حسن علی کو آئی سی سی کیپس پہنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ینگسٹرز کیلئے آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیم میں منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے۔ بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر اس اعزاز کو قوم کی بہادر خواتین کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پرورش بھی ان ہی میں سے ایک خاتون نے کی ہے۔ اس کے علاوہ بابر اعظم نے سپورٹ کرنے پر آئی سی سی، پی سی بی اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کی گئی 2017 کی ایک روزہ ٹیم میں بھارت سے 3، پاکستان اور جنوبی افریقا کے 2، 2 اور آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان سے ایک ایک کھلاڑی کو شامل کیا گیا ہے۔ آئی سی سی ون ڈے ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور وکٹ کیپر جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، حسن علی، اے بی ڈویلیرز، روہت شرما، جسپریت بھمرا، بین اسٹوکس، ٹرینٹ بولٹ، ڈیوڈ وارنر اور راشد خان شامل۔