فلاڈیلفیا کے پارک میں فائرنگ، 5 مشتبہ افراد گرفتار

 فلاڈیلفیا کے پارک میں فائرنگ، 5 مشتبہ افراد گرفتار

فلاڈیلفیا:امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا کے پارک میں عید کے موقع پر ہونے والے بڑے اجتماع کے دوران فائرنگ کا واقع پیش آیا جس کے بعد 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق فلاڈیلفیا کے پولیس کمشنر کیون بیتھل نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ  فائرنگ کا واقعہ کلارا محمد سکوائر پر پیش آیا جہاں تقریباً ایک ہزار لوگ جمع تھے۔
ایک خاتون نے مقامی ٹی وی اسٹیشن کو بتایا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر عید الفطر کے موقع پر ہونے والے اجتماع میں خاندان، بچے اور بوڑھے لوگ شریک تھے، اس دوران گولیوں کی آواز آئی جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی، لوگ اپنی جان بچانے کے لیے جھک گئے اور اہل خانہ اپنے پیاروں کو لے کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔
کمشنر کیون بیتھل نے بتایا کہ افسران نے بھگدڑ کے دوران 3 مشتبہ مرد اور ایک خاتون کو روکا اور ان سے 4 ہتھیار برآمد کیے، ان 4 مشتبہ افراد میں سے 3 لوگ نابالغ تھے، اس کے علاوہ ایک اور افسر نے 15 سالہ مشتبہ نوجوان کو اس کے کندھے اور ٹانگ میں گولیاں مار کے روکا اور اس سے بھی ایک ہتھیار برآمد کیا، بعد ازاں اس مشتبہ شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔کیون بیتھل کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کو پیٹ میں گولی لگی اور ایک نابالغ کو ہاتھ پر گولی لگی، ان دونوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مصنف کے بارے میں