نیویارک/اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور ایران کے مابین اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کو کشیدگی سے نکالنے کا ایک نایاب موقع فراہم کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خصوصی بیان میں کہا میں اسلام آباد مذاکرات سے انتہائی پُرامید ہوں۔ پاکستان نے امریکہ اور ایران کو وہ سفارتی موقع فراہم کیا ہے جس کی عالمی امن کے لیے اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ان کوششوں سے خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے اور طویل مدتی دشمنی کو ختم کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
انتونیو گوتریس نے صرف بیان تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ان سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت اور معاونت کے لیے پہلے ہی خطے میں موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی ادارہ ان مذاکرات کی کامیابی کو کتنی اہمیت دے رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے اس بیان نے پاکستان کے اس موقف پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے کہ اسلام آباد آج "امن کا مرکز" بن چکا ہے۔ ماہرینِ خارجہ امور کے مطابق، جب اقوام متحدہ کا سربراہ کسی ملک کی سفارتی کوششوں کی یوں کھلے عام ستائش کرتا ہے، تو وہ ملک عالمی برادری میں ایک ناگزیر قوت کے طور پر ابھرتا ہے۔