کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 20ویں میچ میں نئی ٹیم حیدرآباد کنگز نے اپنے پانچویں میچ میں بالآخر پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز اسکور کیے۔ کراچی کی جانب سے سعد بیگ نے 53 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی جبکہ معین علی نے جارحانہ 44 رنز اسکور کیے۔ اس کے علاوہ اعظم خان نے 26، محمد وسیم نے 25 اور سلمان علی آغا نے 24 رنز بنائے۔
حیدرآباد کنگز کی جانب سے حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر میچ آخری اوور سے قبل ہی جیت لیا۔ معاذ صداقت نے 37، عثمان خان نے 27، مارنس لبوشین نے 26 اور کوشل پریرا نے 17 رنز بنائے۔
اختتامی لمحات میں حسان خان نے ناقابل شکست 33 اور عرفان خان نیازی نے 29 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔