لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں اور ان کے تحفظ، ترقی اور احترام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے، جہاں ہر شہری کو اپنے عقیدے کے ساتھ آزاد اور محفوظ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ مریم نواز نے اقلیتی برادری کو ان کے حقوق دینے اور انہیں قومی ترقی میں شریک کرنے کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے کیے گئے اہم اقدامات کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخ میں پہلی بار اقلیتی برادری کے لئے مینارٹی کارڈ متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے 50,000 اقلیتی افراد کو سہ ماہی 10,500 روپے کی امداد دی جا رہی ہے۔ مزید یہ کہ مینارٹی کارڈ کی تعداد 75,000 تک بڑھائی جائے گی۔
مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں سکھ، ہندو اور عیسائی کمیونٹی کے لیے کئی اہم قانون سازی کی گئی ہے، جن میں سکھ میرج ایکٹ 2024 اور ہندو میرج ایکٹ 2017 کی 2025 میں منظوری شامل ہیں۔ ان قوانین کے ذریعے اقلیتی برادری کو اپنے مذہبی اور ثقافتی معاملات میں قانونی تحفظ ملے گا۔
انہوں نے اقلیتی برادری کے لئے تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے 8 ارب روپے کا ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے۔ اس کے علاوہ، پنجاب حکومت نے اقلیتی طلباء کے لئے 60 ملین روپے کے سکالرشپ فنڈز کا بھی اعلان کیا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں اقلیتی مذہبی تہواروں جیسے بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر کو سرکاری سطح پر منایا گیا اور اقلیتی مذہبی مقامات کی بحالی کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے اور انہیں ترقی کے ہر میدان میں ان کا جائز حصہ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں محبت، رواداری اور بھائی چارہ ہماری پہچان ہوگا۔