Get Alerts

ہمدردی کافی نہیں، دنیا کو اب حرکت میں آنا ہوگا ، فلسطین

ہمدردی کافی نہیں، دنیا کو اب حرکت میں آنا ہوگا ، فلسطین

نیو یارک : اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کو فوری طور پر روکا جائے۔

ریاض منصور کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلسل فلسطینیوں کے انسانی حقوق پامال کر رہا ہے، اور عالمی ادارے صرف بیانات، تجزیوں اور قراردادوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے اب بھی حرکت نہ کی تو اقوام متحدہ جیسے اداروں کی ساکھ اور وجود بے معنی ہو جائے گا۔

انہوں نے اسرائیلی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا "اسرائیل کو نہ فلسطینی عوام کی تکلیف کا احساس ہے، نہ ہی عالمی رائے عامہ کی پرواہ۔ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔"
فلسطینی مندوب نے سوال اٹھایا کہ اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل دیگر ممالک پر دباؤ ڈالنے کے لیے مختلف اقدامات کرتی ہے، تو انہی اقدامات کا اطلاق اسرائیل پر کیوں نہیں کیا جاتا؟ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام ناقابلِ بیان اذیت میں مبتلا ہیں اور ان کا درد دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔

ریاض منصور نے ان تمام ممالک اور افراد کا شکریہ ادا کیا جو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں، اور کہا کہ "جو کچھ فلسطین میں ہو رہا ہے، اس کا فیصلہ تاریخ کرے گی، اور ظالموں کو ایک دن ضرور جوابدہ ہونا پڑے گا۔"
انہوں نے واضح کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا محض بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے، ورنہ مظلوموں کا اعتماد عالمی اداروں سے اٹھ جائے گا۔

ٹیگز: