Get Alerts

لاہور پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، سینکڑوں گرفتار

لاہور پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، سینکڑوں گرفتار

لاہور : لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کے مشن پر گامزن لاہور پولیس نے اگست کے پہلے دس دنوں میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 360 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جب کہ 353 مقدمات درج کیے گئے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک مجموعی طور پر 7655 منشیات کے ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 7496 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کارروائیوں کے دوران 3755 کلوگرام چرس، 669 کلوگرام آئس، 341 کلوگرام ہیروئین، 263 کلوگرام افیون اور 45485 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے تمام افسران کو منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ آئس اور ہیروئین جیسی خطرناک منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور منظم حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے منشیات کی سپلائی چین میں شامل ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

بلال صدیق کمیانہ نے والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف معاشرتی آگاہی بڑھانے میں پولیس کا ساتھ دیں، تاکہ ایک محفوظ، صحت مند اور نشہ سے پاک لاہور کا خواب حقیقت بن سکے۔

ٹیگز: