لاہور :کائونٹرنارکوٹکس فورس (CNF) نے منشیات کے عالمی نیٹ ورکس اور مقامی سپلائرز کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے گزشتہ 10 روز کے دوران 20 کامیاب آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 18 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 73 کلو گرام سے زائد ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سی این ایف کے مطابق یہ کارروائیاں ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، چشتیاں، قصور اور بہاولپور میں کی گئیں۔ قبضے میں لی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 39 ملین روپے بتائی جاتی ہے۔
منشیات: 35 کلو ویٹ (Weed)، 27.4 کلو چرس، 7.5 کلو افیون، اور 3.5 کلو گرام ہائی کوالٹی آئس، دیگر اشیاء: 150 لیٹر شراب اور ملزمان سے 2 پستول بھی برآمد کیے گئے۔
سی این ایف حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں منظم گروہوں کے کارندے شامل ہیں جو تعلیمی اداروں اور بڑے شہروں میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھے۔ فورس نے خفیہ اطلاعات پر مختلف شہروں میں بیک وقت چھاپے مار کر اس نیٹ ورک کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے 'ڈرگ فری پنجاب' وژن کے تحت منشیات کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔