کراچی: بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں 21 واں کانووکیشن منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبوں میں کامیابی سے تعلیم مکمل کرنے والے 3,276 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تھے۔ کانووکیشن میں بحریہ یونیورسٹی، انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل سائیکالوجی اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس کے طلبہ نے شرکت کی۔
امتیازی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو سراہتے ہوئے نیول چیف نے 95 طلائی اور 90 چاندی کے تمغے عطا کیے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو دیانت داری، محنت اور سچائی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی نصیحت کی۔
تقریب میں طلبہ کے والدین، اساتذہ، یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام اور تعلیمی شعبے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی، اور فارغ التحصیل طلبہ کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔