Get Alerts

نئی دہلی میں اپوزیشن کا احتجاج ، راہول اور پریانکا گاندھی سمیت کانگریس کے متعدد رہنما گرفتار

نئی دہلی میں اپوزیشن کا احتجاج ، راہول اور پریانکا گاندھی سمیت کانگریس کے متعدد رہنما گرفتار

نئی دہلی : نئی دہلی میں بھارتی اپوزیشن کی بڑی جماعت کانگریس کے رہنما اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور ان کی بہن پریانکا گاندھی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری تب عمل میں آئی جب اپوزیشن کے تقریباً 300 ارکان پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن کی طرف مارچ کر رہے تھے۔

راہول گاندھی نے اس موقع پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار طاقت کے ذریعے اپوزیشن کی آواز دبانا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ لڑائی سیاسی نہیں بلکہ ملک کے آئینی اصولوں کو بچانے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا، "یہ لڑائی ‘ایک آدمی، ایک ووٹ’ کے اصول کے لیے ہے، ہم ایک صاف اور شفاف ووٹر لسٹ چاہتے ہیں۔"

مظاہرے کے دوران پریانکا گاندھی کے علاوہ کئی دیگر کانگریس رہنماؤں کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد نے انتخابی فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شفافیت کے فقدان کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

راہول گاندھی نے گزشتہ دنوں الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے ساتھ مل کر عام انتخابات میں دھاندلی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، جعلی ووٹر آئی ڈیز بنائی گئیں اور جعلی پتوں پر ووٹنگ کی گئی۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کہ اگر دھاندلی نہ ہوتی تو نریندر مودی آج بھارت کے وزیراعظم نہ ہوتے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو غداری قرار دیتے ہوئے دھاندلی کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔یہ واقعہ بھارت میں سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور انتخابات کی شفافیت پر بحث کو نئی جہت دے گا۔

ٹیگز: