اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے غیر سنجیدہ اور گمراہ کن بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا ’ایٹمی بلیک میلنگ‘ کا بیانیہ خود ساختہ اور حقائق سے دور ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے اور بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹانے کی عادت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان طاقت کے استعمال یا دھمکی کی شدید مخالفت کرتا ہے اور بھارت کے بے بنیاد الزامات عقلی بنیادوں سے خالی ہیں۔
ترجمان نے پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول مکمل طور پر سول انتظامیہ کے تحت ہے اور ہمیشہ احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں اور ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف مضبوط دفاع ہیں۔
بیان میں بھارت کی جانب سے تیسری جماعت کو ملوث کرنے کی کوشش کو سفارتی کمزوری اور غیر مؤثر قرار دیا گیا۔ پاکستان نے کہا کہ وہ عالمی برادری کا ذمہ دار رکن بنے گا، لیکن کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ کشیدگی کی صورت میں ذمہ داری بھارتی قیادت پر ہوگی۔