Get Alerts

ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کی کپتانی میرے پاس ہے، شاہین آفریدی

ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کی کپتانی میرے پاس ہے، شاہین آفریدی

لاہور : پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ فی الحال ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی کپتانی ان کے پاس ہے، جبکہ نیشنل چیمپئنز کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی ورلڈ کپ سکواڈ کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں نیشنل چیمپئنز کپ کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کی فارم اور کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی، جس کے بعد ورلڈ کپ کے لیے بہترین سکواڈ تشکیل دینے میں آسانی ہوگی۔

اس موقع پر پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان بخار کے باعث ٹرافی رونمائی کی تقریب اور پریس کانفرنس میں شریک نہ ہوسکے۔ ان کی نمائندگی فہیم اشرف نے کی۔

نیشنل چیمپئنز کپ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چاروں ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی دو سرفہرست ٹیمیں 18 اگست کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز کی قیادت شاداب خان، پاکستان وائٹس کی صائم ایوب، پاکستان بلوز کی صاحبزادہ فرحان جبکہ پاکستان گولڈ کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔

تمام میچز ڈے نائٹ ہوں گے اور پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوں گے۔

ٹیگز: