لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ نے پیر کو بیکنہم میں واقع کینٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب میں پہلا پریکٹس سیشن کیا۔
قومی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ مائیکل اسمتھ نے بھی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لیا۔ ٹیم سے ملاقات کے بعد انہوں نے بیٹنگ پریکٹس کی نگرانی کی اور کھلاڑیوں کی تکنیکی تیاریوں پر توجہ دی۔
مائیکل سمتھ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹنگ کوچ اور ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 4 جولائی کو انہیں قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پریکٹس کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ، فیلڈنگ اور دیگر مشقوں میں حصہ لیا جبکہ بیٹنگ اور کھیل کے مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی توجہ دی۔
قومی ٹیم منگل کو بھی کینٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب میں دوپہر ساڑھے 12 بجے تک پریکٹس کرے گی۔ اس کے بعد پاکستان 12 اگست سے پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف چار روزہ وارم اپ میچ کھیلے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 19 سے 23 اگست تک ہیڈنگلے میں ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک لارڈز جبکہ تیسرا اور آخری میچ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔
یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہے۔ پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کرنے کے بعد انگلینڈ پہنچی ہے۔