Get Alerts

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ: جولائی کے لیے تین کھلاڑی شارٹ لسٹ

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ: جولائی کے لیے تین کھلاڑی شارٹ لسٹ

لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2026 کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے تین کھلاڑیوں کو نامزد کردیا ہے، جن میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز، انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلا دیش کے اوپنر تنزید حسن شامل ہیں۔

جسٹن گریوز نے جولائی کے دوران سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں انہوں نے 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی گریوز نے گیند اور بلے دونوں سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 27 رنز دے کر 5 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جولائی میں کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچز کے دوران ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے مجموعی طور پر 215 رنز سکور کیے، جس میں ان کی بیٹنگ اوسط 71.66 رہی، جبکہ انہوں نے 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

انگلینڈ کے ہیری بروک نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بیٹنگ کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے پانچ میچز میں 229 رنز بنائے، ان کی بیٹنگ اوسط 114.50 اور سٹرائیک ریٹ 214.01 رہا۔ شاندار کارکردگی پر بروک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

بنگلا دیش کے تنزید حسن بھی جولائی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شامل رہے۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچز میں 159 رنز بنائے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کے بیٹ سے 140 رنز نکلے۔

تنزید حسن دونوں فارمیٹس پر مشتمل سیریز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے، جس کی بنیاد پر انہیں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

ٹیگز: