ممبئی :بھارت کے سابق بیٹر اجنکیا رہانے نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کے ون ڈے مستقبل کے حوالے سے جاری بحث میں دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کی حمایت کردی۔
اجنکیا رہانے کا کہنا ہے کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے سینئر کرکٹرز کی اہلیت کو ہر سیریز کے بعد جانچنے کے بجائے انہیں 2027 کے ورلڈکپ تک واضح اور مسلسل حمایت فراہم کی جانی چاہیے۔
رہانے کے مطابق روہت شرما نے بھارتی کرکٹ کے لیے طویل عرصے تک خدمات انجام دی ہیں اور بڑے ٹورنامنٹس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اس لیے اگر وہ 2027 ورلڈکپ میں شرکت کے خواہشمند ہیں تو انہیں اپنی تیاری جاری رکھنے کے لیے مکمل اعتماد دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے ویرات کوہلی کے حوالے سے بھی یہی مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کی مکمل پشت پناہی حاصل ہونی چاہیے تاکہ وہ انتخاب سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے دباؤ کے بغیر اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرسکیں۔
تاہم بھارتی ٹیم مینجمنٹ ایک جانب تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ دوسری طرف مستقبل کی ٹیم تیار کرنے کے لیے نوجوان کرکٹرز کو بھی مواقع دے رہی ہے۔
روہت شرما کی عمر 2027 کے ورلڈکپ تک تقریباً 40 سال ہوجائے گی، جس کے باعث ان کی فٹنس اور مسلسل کارکردگی بھی سلیکٹرز کے لیے اہم عوامل ہوں گے۔
روہت اور کوہلی اس وقت محدود تعداد میں ون ڈے میچز کھیل رہے ہیں، ایسے میں بھارتی سلیکشن کمیٹی کو تجربے، فارم اور نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان مناسب توازن قائم کرنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔