ممبئی : معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے سرجری کے دوران بھی موسیقی سے اپنا تعلق برقرار رکھتے ہوئے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹروں کے لیے گانا گا دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سونو نگم نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سرجری سے قبل یا دوران انہیں ہسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے دکھایا، جہاں طبی عملہ اپنے فرائض انجام دے رہا تھا۔ اسی دوران گلوکار نے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے اچانک گانا شروع کردیا۔
انہوں نے 1949 کی فلم ’’دلاری‘‘ کا مشہور نغمہ ’’سہانی رات ڈھل چکی، نہ جانے تم کب آؤ گے‘‘ اپنی آواز میں پیش کیا۔ یہ گیت لیجنڈری گلوکار محمد رفیع نے گایا تھا۔
سونو نگم نے بتایا کہ انہوں نے درد اور مشکل صورتحال کے باوجود ڈاکٹرز اور ان کی ٹیم کے لیے گانا گانے کا فیصلہ کیا، کیونکہ موسیقی انہیں ہمیشہ خوشی اور حوصلہ دیتی ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے گلوکار کے جذبے اور حوصلے کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سونو نگم نے رواں برس جون میں اعصابی نظام سے متعلق ایک تکلیف دہ طبی مسئلے کا انکشاف کیا تھا، جس کے بعد انہیں حالیہ سرجری سے گزرنا پڑا۔