Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیوٹیفکیشن پلان فیز کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیوٹیفکیشن پلان فیز کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کر دیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں بیوٹیفکیشن پلان کے فیز کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں پنجاب کے ہر شہر، ضلع اور تحصیل کے بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس منصوبے کا مقصد 39 اضلاع میں 132 بیوٹیفکیشن سکیموں کی تکمیل ہے، جن کی مجموعی لاگت 16 ارب 90 کروڑ روپے ہے۔

وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن پلان کے فیز کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کا وقت مقرر کیا ہے۔ اس کے تحت 97 بیوٹیفکیشن سکیموں کے ورک آڈر جاری کیے جا چکے ہیں اور 88 پراجیکٹس پر کام شروع ہو چکا ہے۔

صوبے کے مختلف شہروں میں بیوٹیفکیشن کے پراجیکٹس کی تکمیل کی جائے گی، جن میں لاہور (18)، سرگودھا (6)، بہاولپور (16)، گوجرانوالہ (12)، راولپنڈی (17)، فیصل آباد (13)، ملتان (8) اور ساہیوال (24) شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس میں قدیم دروازوں کی بحالی، فائبر گلاس اور ٹین سائل کور کی تنصیب، واٹر فیچر، فوارے اور مصنوعی آبشاریں شامل کی جائیں۔ اس کے علاوہ، مرکزی بازاروں میں روڈ کے درمیان خوبصورت گرین بیلٹس بنانے اور فٹ پاتھ پر روایتی گرے ٹائلز کی بجائے رنگین ٹائلز لگانے کا حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے یہ بھی بتایا کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے لیے ایک ڈیش بورڈ بنایا جائے گا، جس پر ہفتہ وار اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ، پنجاب کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کے معیارات بھی مقرر کیے جائیں گے، اور کھلے مین ہول، ٹوٹی سڑکیں، گندگی اور خراب پینٹ جیسے مسائل پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف شہروں کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے لیے مخصوص اہداف بھی مقرر کیے ہیں، جن میں رحیم یار خان کے چھ پراجیکٹس 31 مارچ تک مکمل ہوں گے، بہاولپور میں بابا فرید گیٹ اور الصادق مسجد کی قدیمی شکل بحال کی جائے گی، فیصل آباد میں 121 سال پرانے گھنٹہ گھر اور بازار کی تجاوزات سے پاک اپ گریڈیشن جاری ہے، اور سیالکوٹ کے اقبال منزل بازار اور ملحقہ گلیوں کی اپ گریڈیشن 31 مئی تک مکمل کی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ "ہر شہر کو خوبصورت بنانا میرا خواب ہے، ہم صرف ایک بازار نہیں بلکہ پورے شہر کو دلکش بنائیں گے۔ ہر شہر، ہر قصبہ اور ہر ضلع کو اینڈ ٹو اینڈ بیوٹیفائی کیا جائے گا تاکہ عوام کو ایک بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔"

وزیراعلیٰ نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا اور ان کی سہولت کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

ٹیگز: