Get Alerts

پاکستان ہر شعبے میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے بہت پیچھے ہے،چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

پاکستان ہر شعبے میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے بہت پیچھے ہے،چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

گوجرانوالہ: چیئرمین ایپ سپ اور معروف ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے پاکستان میں تعلیم، ترقی اور نوجوانوں کے کردار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر شعبے میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے بہت پیچھے ہے اور ہمیں اپنے طلبا اور فیکلٹی کے کردار پر غور کرنا ہوگا۔

 ایپ سپ کی جانب سے ملک گیر آگاہی مہم کے سلسلہ میں ’2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں‘ کے عنوان سے گفٹ یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے  پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کا اصل مقصد صرف علم دینا نہیں بلکہ اچھے انسان بنانا ہے، اور ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو کیا سکھا رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں میں ڈسپلن کی کمی اور کلیریٹی کی عادت کی کمی پر بھی بات کی اور کہا کہ "پاکستان کا نوجوان راتوں رات امیر بننے کے چکر میں لگا ہوا ہے، جو کہ اس کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔"

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب کریکٹر کی بات کی جائے تو اس کے لیے رول ماڈلز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق، "نبی پاک ﷺ سب سے بہترین رول ماڈل ہیں۔" پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان  نے مزید کہا کہ نبی ﷺ نے ہمیں دنیا اور آخرت کی بھلائی کے بارے میں سکھایا اور ان کا کردار ہر لحاظ سے اسوہ حسنہ ہے۔ "جب انسان اللہ کی ہدایت اور راستہ پا لیتا ہے تو دنیا کی کوئی چیز اس سے زیادہ قیمتی نہیں ہو سکتی۔"

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان  نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ ہمیں ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو مخلص اور بےلوث ہو، اور جو قوم اپنے ہیروز نہیں بناتی وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتی۔ انہوں نے میاں عامر محمود کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پاکستان کے لیے خدمات بہت زیادہ ہیں، اور آج لاکھوں طلبا میاں عامر محمود کی یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولز میں زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنے نظام میں تبدیلی لانے کے لیے نئے صوبے بنانے ہوں گے تاکہ نئے ایڈمنسٹریٹر آ سکیں اور پاکستان کو ایک بہترین ملک بنایا جا سکے۔ خاص طور پر گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے حوالے سے پروفیسر عبدالرحمان نے کہا کہ ان دونوں علاقوں میں بے پناہ پوٹینشل ہے جو پاکستان کا بہترین امیج دنیا کے سامنے لا سکتے ہیں، مگر افسوس کہ مقامی قیادت کو سامنے آنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان  نے اختتام میں کہا کہ ہمیں نبی ﷺ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سب سے پہلے خود میں تبدیلی لانی ہوگی، پھر معاشرے میں تبدیلی لانی ہوگی تاکہ ہم ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان بنا سکیں۔

ٹیگز: