Get Alerts

فیض حمید کے سیاسی ساتھیوں کا بھی فوجی عدالت میں ٹرائل ہونا چاہیے: رانا ثناء اللہ

فیض حمید کے سیاسی ساتھیوں کا بھی فوجی عدالت میں ٹرائل ہونا چاہیے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا سیاست میں عمل دخل ثابت ہو چکا ہے، اور جو سیاستدان ان کے ساتھ مل کر سرگرم رہے، ان کے خلاف بھی فوجی عدالت میں کارروائی ہونی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیض حمید نے اپنی سرکاری اور عسکری حیثیت کا ناجائز استعمال کیا اور متعدد معاملات میں مداخلت کرتے رہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے خلاف بنائے گئے مقدمے میں بھی فیض حمید براہ راست کردار ادا کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج ایک معتبر ادارہ ہے اس لیے وہ سزا پر خوشی کا اظہار نہیں کر رہے، مگر فیصلہ احتسابی نظام کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فوج میں ڈسپلن کی خلاف ورزی اور اختیارات کے غلط استعمال پر سخت کارروائی کا واضح اور مضبوط نظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید سیاسی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ایسی سرگرمیوں میں کسی سیاستدان کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ان سرگرمیوں میں شامل تھی، اور جو بھی سیاستدان فیض حمید کے ساتھ ملوث رہے، ان کے خلاف بھی تحقیقات اور کارروائی ہونی چاہیے۔ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی کے واقعات میں فیض حمید کے مبینہ کردار کی باتیں کافی عرصے سے گردش کر رہی تھیں، اور ان کے معاونین کا مقدمہ بھی فوجی عدالت میں چل سکتا ہے۔

ٹیگز: