پہلا ٹی 20، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف، محمد رضوان کی شاندار سنچری

پہلا ٹی 20، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف، محمد رضوان کی شاندار سنچری
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

لاہور :پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت پروٹیز کو جیت کیلئے 170رنز کا ہدف دیدیا ہے، محمد رضوان نے انتہائی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے   64 گیندوں پر 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6  وکٹوں کے نقصان پر 169  رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تو صفر کے مجموعی سکور پر بابراعظم رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ 
پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد رضوان اور حیدر علی نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 36 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر جارحانہ بلے بازی کرنے والے حیدر علی 21 رنز بنا کر فیلوک وائیو کی گیند پر جیکس سنائمن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 69 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب حسنین طلعت تبریز شمسی کی گیند پر ہینری کلاسن کے ہاتھوں سٹمپ ہوئے، نہوں نے 11 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے۔
 آل رائونڈر افتخار احمد بھی کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور چار کے انفرادی سکور پر بورن فورچوئن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ قومی ٹیم کو پانچواں نقصان 134 کے مجموعی سکور پر خوشدل شاہ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کر سیپاملا کی گیند پر فورچوئن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ قومی ٹیم کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فہیم اشرف تھے جو صرف چار رنز بنا کر فیلوک وائیو کی گیند پر ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے اینڈیل فیلوک وائیو سب سے کامیاب بائولر رہے جنہوں نے 26 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بورن فورچوئن، لوتھو سیپاملا اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف شامل ہیں۔ 
پروٹیز کی قیادت ہینرچ کلاسن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریزا ہینڈرکس، جانیمن ملان، جیک سنیمین، ڈیوڈ ملر، ڈوئن پریٹوریس، اینڈیل فیلوک وائیو، جونیئر ڈالا، تبریز شمسی، لوتھو سیپاملا اور بجورن فورچوئن شامل ہیں۔