Get Alerts

امریکا کا نیٹو میں کمانڈروں کے عہدے یورپی ممالک کو منتقل کرنے کا فیصلہ

امریکا کا نیٹو میں کمانڈروں کے عہدے یورپی ممالک کو منتقل کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن: امریکا نے نیٹو میں کمانڈروں کے اہم عہدے یورپی ممالک کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد نیٹو کو مزید مضبوط بنانا اور اتحادی ممالک کو دفاعی اخراجات میں شریک کرنا ہے۔

امریکا کے سفیر میتھیو وائٹکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نیٹو کو ختم نہیں بلکہ اسے مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو کا اتحاد 32 ارکان کے ساتھ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہو گا، اور یہ صدر ٹرمپ کی پالیسی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس میں اتحادی ممالک کو اپنے دفاع کے اخراجات میں شریک کرنے کی بات کی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق، امریکا نے نیٹو کی نیپلز کمانڈ جو کہ جنوبی یورپ کے دفاع کی نگرانی کرتی ہے، اٹلی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ شمالی یورپ کے دفاع کے لیے کمانڈ برطانیہ کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران امریکا برطانیہ میں میری ٹائم کمانڈ سنبھالے گا، جو برطانیہ سے متعلق دفاعی امور کا ذمہ دار ہو گا۔

یہ اقدامات امریکا کی جانب سے نیٹو کے اندر اتحادی ممالک کو زیادہ فعال کردار دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، اور اس سے دفاعی اخراجات کا بوجھ بھی امریکا پر کم ہوگا۔ تاہم، ان تبدیلیوں کو عملی طور پر مکمل ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ  یہ رپورٹ ابتدائی طور پر فرانس کے ایک جریدے لا لیٹر نے شائع کی تھی۔

ٹیگز: