Get Alerts

سولر صارفین کے حقوق کا تحفظ: وزیراعظم کا نیپرا کے نئے ریگولیشنز پر ایکشن، نظرثانی کا حکم

سولر صارفین کے حقوق کا تحفظ: وزیراعظم کا نیپرا کے نئے ریگولیشنز پر ایکشن، نظرثانی کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے سولر نیٹ میٹرنگ سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجراء کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ موجودہ سولر صارفین کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کا ہر صورت تحفظ کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے خصوصی اجلاس میں پاور ڈویژن کو فوری طور پر درج ذیل ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پاور ڈویژن کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ نیپرا کو سولر کے موجودہ صارفین کے کنٹریکٹ کے تحفظ سے متعلق فوری طور پر نظرثانی کی اپیل دائر کرے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ جن شہریوں نے موجودہ پالیسی کے تحت سولر سسٹم لگائے ہیں، ان کے حقوق اور معاہدوں کو متاثر نہ کیا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک اہم نکتے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سولر سے مستفید ہونے والے 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کا مالی بوجھ نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے 3 کروڑ 76 لاکھ غریب اور متوسط طبقے کے صارفین پر نہیں پڑنا چاہیے۔
وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ایسا جامع لائحہ عمل تشکیل دے جس میں سولر صارفین کے مفادات کا تحفظ بھی ہو اور عام بجلی صارفین پر اضافی بوجھ بھی نہ آئے۔ حکومت کا مقصد ایک متوازن پالیسی بنانا ہے جو ملک میں متبادل توانائی کے فروغ اور عام آدمی کو سستی بجلی کی فراہمی کے درمیان توازن برقرار رکھ سکے۔

ٹیگز: