اسلام آباد: عالمی جریدے "یوریشیا ریویو" نے افغانستان کے ساتھ سرحد کی بندش اور سخت سرحدی انتظام (Border Management) کے حوالے سے پاکستان کے فیصلے کو سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے ایک جائز اور بہترین حکمت عملی قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے یہ معاملہ محض تجارت تک محدود نہیں بلکہ ملکی بقا اور سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔
عالمی جریدے کے مطابق افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہونے والا حالیہ اضافہ تشویشناک ہے، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت بے گناہ شہری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کا سرحدی راستوں کو بند کرنا ایک ناگزیر اقدام ہے۔
کابل کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ پہلی اور بنیادی شرط ہے۔رپورٹ میں افغان طالبان کی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی نااہلی نے افغانستان کو داخلی اور خارجی بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔ افغان سرزمین سے ہونے والی دراندازی نے نہ صرف پاکستان بلکہ ایران اور تاجکستان کے استحکام کو بھی شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کو اب یہ واضح فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی جاری رکھیں گے یا خطے میں امن اور ترقی کا راستہ اختیار کریں گے۔
یوریشیا ریویو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کا بارڈر مینجمنٹ سسٹم عالمی قوانین کے مطابق اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کا حق ہے، تاکہ شرپسند عناصر کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔