اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ اسلام آباد کے بعد شہدا کے ورثاء کے لیے 50 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے شہید عون عباس کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے کی خصوصی امداد کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان ہر روز دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں اور ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم پاک افواج کی کوششوں کی معترف ہے۔
شہباز شریف نے سانحہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس المیے پر دکھی ہے اور ہر شہری کو چاہیے کہ وہ دہشتگردی کے خطرے سے آگاہ رہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں اور وہ سب کے لیے یکساں خطرہ ہیں۔